بنوں میں امن کمیٹی کے رکن ملک سبیل خان کی گاڑی دھماکے سے تباہ ، بیٹا جاں بحق
بنوں ٹاؤن شپ میں سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا، ملک سبیل خان سمیت 3 افراد زخمی ہوئے
October 27, 2026 · قومی
جائے وقوع کا منظر جہاں تباہ حال گاڑی موجود ہے، چھوٹی تصویر امن کمیٹی کے رکن کی ہے (فوٹو : ایکسپریس)
ڈیرہ اسماعیل خان: بنوں میں قبائلی مشر اور امن کمیٹی کے رکن ملک سبیل خان کی گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دھماکے کی زد میں آنے سے ان کا بیٹا ملک اینار جاں بحق ہوگیا جبکہ ملک سبیل خان سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق واقعہ بنوں ٹاؤن شپ کے علاقے دبک سید خیل میں پیش آیا، جہاں ملک سبیل خان کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں ملک سبیل خان کا بیٹا ملک اینار جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملک سبیل خان سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکا سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی پھٹنے سے ہوا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔