انکم ٹیکس قواعد میں نئی تبدیلیوں کا فیصلہ، ایف بی آر میں فیس لیس اسیسمنٹ نظام متعارف کرانے کی تجویز

ایف بی آر کا ٹیکس نظام ڈیجیٹل بنانے کا منصوبہ،آن لائن جانچ پڑتال اور سماعت متعارف کرانے کی تجویز

October 27, 2026 · قومی

فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانے کے لیے آٹومیشن اینڈ ڈیجیٹائزیشن پلان کے تحت انکم ٹیکس قواعد میں نئی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر میں براہِ راست رابطے کے بغیر ٹیکس جانچ پڑتال کا نظام متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت ٹیکس دہندگان اپنے جوابات اور دستاویزات آن لائن نظام آئی آر آئی ایس کے ذریعے جمع کرائیں گے۔

تجویز کے مطابق فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کو ٹیکس عائد کرنے اور ٹیکس میں ترمیم کرنے کے اختیارات دیے جائیں گے۔ اس یونٹ کو نوٹس جاری کرنے اور جرمانے عائد کرنے کا اختیار دینے کی بھی تجویز ہے۔

انکم ٹیکس قواعد میں فیس لیس اسیسمنٹ کے لیے نئی شق شامل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اس کے تحت ٹیکس افسران کو آن لائن سماعت کرنے اور جسمانی تصدیق کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ نظام کے تحت ٹیکس سے متعلق معاملات میں اپیلوں کے فیصلوں پر عمل درآمد بھی فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کرے گا۔

نئے نظام میں ٹیکس دہندگان کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔