نجی ٹرینوں میں صحافیوں اور بزرگ شہریوں کیلیے رعایتی سفری سہولت بحال

ریلوے حکام کا مراسلہ جاری،نجی انتظامیہ کو رعایتی ٹکٹ اور سفری سہولتیں یقینی بنانے کی ہدایت

October 27, 2026 · قومی

پاکستان ریلویز نے نجی شعبے میں چلنے والی ٹرینوں میں صحافیوں سمیت طبقات کا رعاعتی سفر بحال

لاہور: پاکستان ریلوے نے نجی شعبے کے زیرِ انتظام چلنے والی ٹرینوں میں صحافیوں سمیت مختلف طبقات کے لیے رعایتی سفر بحال کردیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے نجی ٹرین انتظامیہ کو فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی ان ٹرینوں میں رعایتی سفر کی سہولت موجود تھی، تاہم آؤٹ سورس ہونے والی ٹرینوں کی انتظامیہ ٹکٹ جاری کرنے میں رکاوٹ ڈالتی تھی اور کچھ عرصہ قبل یہ رعایت ختم کردی گئی تھی۔

اس معاملے پر لاہور کے صحافیوں کی تنظیم ریلویز رپورٹرز ایسوسی ایشن (آر آر اے) نے وزیر ریلوے سے مذاکرات کیے تھے، جس کے بعد ریلوے حکام نے رعایت بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ فیصلے پر عمل درآمد کے بعد آر آر اے نے ریلوے حکام کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ کے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے ملازمین، بزرگ شہریوں اور ریاستی اداروں کے رعایت کے اہل ملازمین کی جانب سے بھی یہ سہولت بحال کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، جبکہ ریلوے ملازمین کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا تھا۔

مراسلے کے مطابق نجی شعبے کے زیرِ انتظام چلنے والی تمام ٹرینوں میں صحافیوں، بزرگ شہریوں، معذور افراد، ریلوے ملازمین اور دیگر اہل مسافروں کو قواعد کے مطابق رعایتی ٹکٹ اور سفری مراعات حاصل ہوں گی۔

ٹرین انتظامیہ ریلوے کے سفری پاس، پی ٹی او اور خصوصی سفری کارڈز پر سفر کرنے سے انکار نہیں کرسکے گی۔

دریں اثنا، آر آر اے کے صدر رانا محمد اشفاق نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں ایسوسی ایشن کے اجلاس میں رعایت کی بحالی پر عمل درآمد اور اس سلسلے میں پیش آنے والی ممکنہ مشکلات کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریلوے انتظامیہ آئندہ بھی صحافیوں کو سفری سہولیات کی فراہمی جیسے معاملات حل کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور نجی ٹرین انتظامیہ بھی اس عمل میں رکاوٹ بننے سے گریز کرے گی۔