عوام کو پیٹرولیم ریلیف دینے کیلیے حکومت اور جماعت اسلامی کی مشترکہ کمیٹی تشکیل
احسن اقبال کے مطابق کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے مشترکہ تجاویز تیار کرے گی
پیٹرولیم ریلیف کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کی مشترکہ کمیٹی تشکیل
اسلام آباد: حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو عوام کو ریلیف دینے کے لیے تجاویز تیار کرے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ جماعت اسلامی کے جذبے کی قدر کرتے ہیں، وہ بھی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پوری دنیا ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے اور خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی بحران پیدا ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث تمام ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے وسائل جمع کر رہا ہے۔ ایسے حالات کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں تناؤ ختم ہو تاکہ تیل کی قیمتوں میں کمی آسکے۔
احسن اقبال کے مطابق ملک میں دستیاب وسائل کے مطابق عوام کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے اور وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنی تجاویز پیش کی ہیں، جس کے بعد حکومت اور جماعت اسلامی کے ارکان پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی ان تجاویز کا جائزہ لے کر عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشترکہ سفارشات تیار کرے گی۔