پشاور میں جے یو آئی مرکز بھی تجاوزات کی زد میں آگیا
انتظامیہ نے خود مسمار کرنے کا نوٹس بھیج دیا، ذرائع
پشاور میں جے یو آئی مرکز بھی تجاوزات کی زد میں آگیا(فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)
پشاور میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کارروائی کے دوران جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹریٹ، مرکز مفتی محمود کا کچھ حصہ بھی انتظامیہ کی نشاندہی کی زد میں آگیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول زوہیب حسن کی جانب سے مرکز مفتی محمود کے حوالے سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مرکز کا کچھ حصہ مقررہ 52 فٹ کی حدود میں آتا ہے، جسے تجاوزات کے زمرے میں شمار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے متعلقہ حصے کو خود مسمار کرنے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے ذرائع نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم مرکز مفتی محمود سے متعلق نوٹس کے معاملے پر انتظامیہ اور جے یو آئی کے مؤقف میں فرق سامنے آیا ہے۔