آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں شاداب خان کی بڑی چھلانگ
بیٹنگ رینکنگ میں 32 درجے بہتری کے بعد وہ 92ویں پوزیشن پر آگئے ہیں
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں شاداب خان کی بڑی چھلانگ
انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستانی کھلاڑی شاداب خان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کرلی ہے۔ بیٹنگ رینکنگ میں 32 درجے بہتری کے بعد وہ 92ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی انہوں نے 17 درجے ترقی کی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے جبکہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم دو درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ سلمان علی آغا ایک درجے نیچے آکر 13ویں جبکہ فخر زمان دو درجے تنزلی کے بعد 46ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے پاکستان کے ابرار احمد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ حارث رؤف نو درجے تنزلی کے بعد 29ویں پوزیشن پر چلے گئے۔ عرفات منہاس نے 15 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 68ویں نمبر پر جگہ بنا لی۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ پہلے اور زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے نمبر پر ہیں۔ افغانستان کے محمد نبی پانچ درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ شاداب خان 17 درجے بہتری کے بعد 50ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔