پی ٹی آئی گورنر راج اور ایمرجنسی ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے گی،بیرسٹر گوہر

اجلاس میں پارٹی قیادت اور دونوں اپوزیشن لیڈرز پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، جبکہ سہیل آفریدی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔

October 28, 2026 · قومی
پی ٹی آئی گورنر راج اور ایمرجنسی ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے گی،بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی گورنر راج اور ایمرجنسی ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے گی،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کی پارلیمانی قیادت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 70 ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی قیادت اور دونوں اپوزیشن لیڈرز پر اعتماد کا اظہار کیا گیا، جبکہ سہیل آفریدی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید مذمت کی گئی اور گورنر راج کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال پر بھی غور کیا گیا۔ اس حوالے سے سفارشات دونوں اپوزیشن لیڈرز کو بھجوا دی گئی ہیں، جنہیں منظوری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی ایمرجنسی اور گورنر راج کے فیصلوں کو واپس لینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

اٹھائیسویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ یہ معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا اور نہ ہی اس پر کوئی بحث ہوئی۔ ان کے مطابق اس حوالے سے کوئی فیصلہ یا تجویز بھی سامنے نہیں آئی۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ متنازع قانون سازی سے گریز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عجلت میں قانون سازی کرنے سے ملک میں مزید بحران پیدا ہو سکتے ہیں۔ صوبوں کی تقسیم عوام کی مرضی کے بغیر نہیں ہونی چاہیے اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی رائے کے ساتھ قومی اتفاقِ رائے بھی ضروری ہے۔