پنجاب بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع
شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت
فائل فوٹو
لاہور: پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس پابندی کا اطلاق آئندہ 30 روز تک جاری رہے گا تاہم شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اندرونی تقریبات میں ڈرونز کے استعمال کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ذمہ داری متعلقہ تقریب کے منتظمین پرعائد ہوگی، منتظمین کواس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ ڈرون کے استعمال سے شرکا، عملے یا دیگرافراد کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی سے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مستثنیٰ قراردیا گیا ہے۔متعلقہ ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ڈرون استعمال کر سکیں گے تاہم دیگر افراد اور اداروں کو مقررہ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
ڈرونز کے محفوظ استعمال کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ان کمیٹیوں سے تحریری اجازت حاصل کرنے کے بعد ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا اس طریقہ کار کا مقصد ڈرونز کے استعمال کو ضابطے میں لانا اور سکیورٹی خدشات کو کم کرنا ہے۔