جامعہ کراچی کے ملازمین پر سوشل میڈیا استعمال کی مشروط پابندی عائد
سرکاری دستاویزات کی غیر مجاز شیئرنگ پر کارروائی ہوگی، رجسٹرار جامعہ کراچی کا نوٹیفکیشن جاری
جامعہ کراچی کے ملازمین پر سوشل میڈیا استعمال کی مشروط پابندی عائد
جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کو یونیورسٹی سے متعلق معلومات اور سرکاری دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے روک دیا ہے۔ اس حوالے سے رجسٹرار ڈاکٹر عمران احمد صدیقی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں ہدایات کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی سے خبردار کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر جامعہ کراچی سے متعلق کسی بھی قسم کی سرکاری معلومات یا دستاویز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ، فارورڈ یا کسی غیر مجاز شخص کے ساتھ شیئر نہیں کی جاسکے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے علم میں آیا ہے کہ مختلف سرکاری خطوط اور دفتری احکامات، بالخصوص ملازمین اور افسران کے تبادلوں، تعیناتیوں، اضافی چارجز اور معطلی سے متعلق دستاویزات، اجازت کے بغیر سوشل میڈیا گروپس میں شیئر کی جارہی ہیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور قابل اطلاق قوانین کے تحت متعلقہ ملازم کے خلاف انضباطی اور تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اس میں گورنمنٹ سرونٹ کنڈیکٹ رولز 1964 کے رول 18 کے تحت کارروائی بھی شامل ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی سطح پر جاری کرنے کے لیے مختص معلومات صرف جامعہ کراچی کے سرکاری سوشل میڈیا پیجز یا دیگر مجاز ذرائع کے ذریعے ہی شیئر کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چیف سیکریٹری سندھ کی صدارت میں صوبے کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں بھی ایک یونیورسٹی کے سربراہ نے معلومات تک رسائی کے ایکٹ پر نظرثانی کی تجویز پیش کی تھی، تاہم چیف سیکریٹری نے اس تجویز کو نظر انداز کردیا تھا۔