مخدوم جمیل الزمان سے سیاسی راستے جدا، مٹیاری اور سانگھڑ سے الیکشن لڑنے کا اعلان

مخدوم سعید الزمان عاطف کا مٹیاری میں سیاسی اختلافات، ترقیاتی فنڈز اور جائیدادوں کے تنازعات پر اظہارِ خیال

October 28, 2026 · قومی

مخدوم جمیل الزمان سے سیاسی راستے جدا، مٹیاری اور سانگھڑ سے الیکشن لڑنے کا اعلان

مخدوم سعید الزمان عاطف نے مخدوم جمیل الزمان سے سیاسی اور سماجی طور پر راستے جدا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں مٹیاری اور سانگھڑ کے قومی اسمبلی کے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، جبکہ تھرپارکر کے صوبائی حلقے سے اپنے بیٹے احمد الزمان کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ٹکٹ طلب کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹکٹ نہ ملنے کے باوجود پیپلز پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔

ہالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم سعید الزمان عاطف نے کہا کہ مخدوم رفیق الزمان ان کے مسائل پر خاموش نہیں بلکہ ان کے ساتھ ہیں، اور وہ تمام فیصلے ان کی مشاورت سے کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مخدوم رفیق الزمان کی طبیعت ناساز ہے، اسی لیے وہ کراچی میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخدوم جمیل الزمان انہیں چچا کے بجائے نوکر سمجھتے ہیں اور اپنے ملازمین کے ذریعے ان کے ساتھ زیادتیاں اور ناانصافیاں کرواتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخدوم طالب المولیٰ کے بیٹوں کے سامنے سیف شاہ اور گل پنہور جیسے لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مخدوم جمیل الزمان کی سرپرستی اور ہدایات پر گل پنہور اور سیف علی شاہ ان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

مخدوم سعید الزمان عاطف نے کہا کہ اگر مستقبل میں بھی مسائل حل نہ ہوئے اور مٹیاری میں کوئی سیاسی اتحاد قائم ہوا تو وہ اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سیاسی مقابلہ ہوگا اور اب جو ہمت کرے گا، وہی الیکشن جیتے گا۔ بلدیاتی انتخابات میں بھی وہ اتحادیوں کی مدد کریں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر اپنا پینل بھی سامنے لاسکتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں کوئی شوق نہیں تھا، لیکن مخدوم جمیل الزمان نے زبردستی انہیں ڈمی ایم این اے منتخب کروایا اور اختیارات اپنے پاس رکھے۔ ان کے بقول وہ صرف اجلاسوں میں شرکت کرتے تھے۔

مخدوم احمد الزمان کو ضلعی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد لانے کی کوششوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسی کوشش پہلے بھی ناکام ہوچکی ہے۔ اگر کوئی دوبارہ یہ کوشش کرنا چاہتا ہے تو کرکے دیکھ لے۔

ترقیاتی فنڈز اور ضلعی کونسل کے معاملات

ضلعی کونسل کے بجٹ سے ترقیاتی کام نہ ہونے کے سوال پر مخدوم سعید الزمان عاطف نے کہا کہ ایم این اے اور ایم پی اے نے بھی عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ ان کے مطابق نظیر راہو نے ذاتی طور پر سڑکوں کے کام کروائے، لیکن ان کا کریڈٹ بھی مخدوم جمیل الزمان کے لوگوں نے اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہالا میں ایم پی اے کے کوٹے سے کام ہوئے تو باقی شہر کے فنڈز کہاں گئے؟

انہوں نے الزام لگایا کہ ضلعی چیئرمین کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا اور ضلعی کونسل کے بجٹ سے متعلق مسائل پر پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور نے بھی کوئی تدارک نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ایم این اے، ایم پی اے، میونسپل چیئرمین اور اراکین سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ترقیاتی کام کیوں نہیں کیے۔

مخدوم سعید الزمان عاطف کے مطابق ضلعی کونسل کے بجٹ اکاؤنٹ میں عوام کے 50 کروڑ روپے موجود ہیں، لیکن مخدوم جمیل الزمان کے کہنے پر چیئرمین کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترقیاتی کاموں کی منظوری کے لیے چیف آفیسر (سی او) کو روک دیا گیا ہے اور وہ کسی بھی کاغذ پر دستخط نہیں کرتے۔

قانونی کمیٹی اور جائیدادوں کے تنازعات

مخدوم سعید الزمان عاطف نے کہا کہ سرکاری افسران کی مبینہ کرپشن اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ضلع مٹیاری میں ایک قانونی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، جو قانونی طریقے سے کام کرے گی۔ ضرورت پڑنے پر ضلعی کونسل کے نمائندوں کے خلاف بھی بلاامتیاز قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مخدوم ہاؤس ہالا میں لوگوں کے یک طرفہ فیصلے کیے جاتے ہیں، جس سے حقداروں کا حق مارا جاتا ہے۔ متاثرہ افراد کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے ہالا میں جلد ایک فیصلہ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

متنازعہ جائیدادوں کی تقسیم کے حوالے سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر مٹیاری تحقیقات کریں اور زمینوں اور شہری جائیدادوں کے غیر قانونی طور پر تبدیل کیے گئے کھاتے واپس مخدوم طالب المولیٰ کے نام کیے جائیں۔ اس کے بعد وراثتی سرٹیفکیٹ بنوا کر جائیدادیں حقداروں میں تقسیم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر مٹیاری اور مختیارکار ہالا سمیت کوئی بھی افسر جائز کاموں میں تعاون کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ افسران مخدوم جمیل الزمان کے کہنے پر تعینات کیے جاتے ہیں اور ان کے کھاتے دکھانے سے بھی روکا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخدوم جمیل الزمان چاہتے ہیں کہ ضلعی کونسل کے بجٹ میں موجود عوامی رقم انہیں ملے۔ اس معاملے پر فریال تالپور سے شکایت بھی کی گئی، لیکن کوئی تدارک نہیں ہوا۔ ان کے مطابق مخدوم جمیل الزمان ان سے بات کرنے کے لیے بھی تیار نہیں۔

سروری جماعت کے ارکان سے متعلق مؤقف

مخدوم سعید الزمان عاطف نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ سیف شاہ اور گل پنہور نے انہیں نوٹس بھجوائے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دونوں افراد مخدوم جمیل الزمان اور مخدوم محبوب الزمان کے کہنے پر ایسا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخدوم جمیل الزمان ملازمین کے ذریعے ان کی بے عزتی کروانا چاہتے ہیں، جبکہ گل پنہور جیسے لوگ صرف ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سروری جماعت کے لوگ ان کے مسائل سن کر پریشان ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسی وجہ سے سروری جماعت کا کوئی معزز شخص مخدوم جمیل الزمان کی بات نہیں مانتا۔ ان کے مطابق اگر وہ ان کی بات مانتے تو مسئلے کے حل کے لیے ان کے پاس یا مخدوم رفیق الزمان کے پاس ضرور آتے۔