سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات، ملک بھر میں پولنگ شروع

ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان بھر سے 4 ہزار 634 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

October 29, 2026 · قومی
سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات، ملک بھر میں پولنگ شروع

سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات، ملک بھر میں پولنگ شروع

لاہور: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2026-27 کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان بھر سے 4 ہزار 634 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

لاہور ووٹرز کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جہاں 1 ہزار 498 وکلا ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ صدارتی نشست پر احسن بھون گروپ کے امجد علی شاہ اور حامد خان گروپ کے سردار امان خان کے درمیان مقابلہ ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 864 وکلا بھی انتخابی عمل میں حصہ لیں گے، جبکہ سندھ سے 600 سے زائد وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں پولنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

سندھ میں نائب صدر کی نشست کے لیے عبدالوہاب بلوچ اور جام آصف امیدوار ہیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی کی دو نشستوں پر چار امیدوار میدان میں ہیں۔ پروفیشنل گروپ کی جانب سے عامر جمیل ورک اور غلام مجتبیٰ، جبکہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی طرف سے ارشد مبین اور اعجاز اعوان امیدوار ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔ پریذائیڈنگ افسر اشتیاق میمن کے مطابق انتخابی عملہ پولنگ ایجنٹس کی آمد کا منتظر ہے، جن کی موجودگی میں بیلٹ پیپرز سمیت پولنگ کا دیگر سامان سیل شدہ پیکٹوں سے نکالا جائے گا۔