رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا، 2008 کا سیزن سب سے بہترین قرار

بیلن ڈی اور ایوارڈ کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اعزاز ’بی او اے ٹی‘ کے لیے شائقین سے ووٹنگ کرائی گئی، جس میں کرسٹیانو رونالڈو پہلے نمبر پر رہے۔

October 29, 2026 · اسپورٹس
رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا، 2008 کا سیزن سب سے بہترین قرار

رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا، 2008 کا سیزن سب سے بہترین قرار

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنے 2008 کے سیزن کو بیلن ڈی اور جیتنے والے تمام سیزنز میں بہترین قرار دلوا دیا ہے۔

فرانس فٹبال کی جانب سے بیلن ڈی اور ایوارڈ کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اعزاز ’بی او اے ٹی‘ کے لیے شائقین سے ووٹنگ کرائی گئی، جس میں کرسٹیانو رونالڈو پہلے نمبر پر رہے۔

ووٹنگ میں لیونل میسی اپنے 2012 کے شاندار سیزن کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر آئے۔ اس سال میسی نے ایک کیلنڈر سال میں 91 گول کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ تیسری پوزیشن رونالڈو کے 2017 کے سیزن کو ملی، جب وہ ریال میڈرڈ کی نمائندگی کررہے تھے۔

رونالڈو نے 2007-08 کے سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے تمام مقابلوں میں 42 گول اسکور کیے تھے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے ٹیم کو انگلش پریمیئر لیگ اور یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تاہم اس ووٹنگ کے طریقہ کار پر سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں، کیونکہ ووٹ ڈالنے کے لیے ایک یورو فیس مقرر تھی اور شائقین کو متعدد مرتبہ ووٹ دینے کی اجازت حاصل تھی۔ منتظمین کے مطابق پانچ ہزار سے زائد افراد نے ایک سے زیادہ مرتبہ ووٹ دیا، جس کے باعث نتائج کی شفافیت پر بحث شروع ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ رونالڈو کے 2008 کے سیزن کو بہترین قرار دینے کا نتیجہ عوامی ووٹنگ پر مبنی ہے۔ یہ کوئی باضابطہ بیلن ڈی اور یا سپر بیلن ڈی اور ایوارڈ نہیں ہے۔