کراچی میں دو بہنیں قتل کرنیوالے کا پہلے باپ مرا پھربیٹا،بیوی کو طلاق دیدی

ملزم کا مبینہ طور پر سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور وہ مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے، پولیس حکام

October 29, 2026 · جرم وسزا
کراچی میں ٹک ٹاک استعمال کرنے پر دو بہنیں قتل، بھائی فرار

کراچی میں ٹک ٹاک استعمال کرنے پر دو بہنیں قتل، بھائی فرار

کراچی: شہر کے علاقے نیو رحمان آباد میں دو نوجوان بہنوں کو مبینہ طور پر ان کے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول بہنوں کی شناخت 25 سالہ صبیحہ اور 20 سالہ حرا کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کو شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں واقع گھر کے اندر گولیاں ماری گئیں۔ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم ریحان اپنی بہنوں کو ٹک ٹاک استعمال کرنے سے منع کرتا تھا۔ پولیس اس اختلاف کو قتل کی ممکنہ وجہ قرار دے رہی ہے، تاہم واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خاندان کو گزشتہ چند روز کے دوران متعدد صدمات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملزم کے والد کا پانچ روز قبل انتقال ہوا تھا، جبکہ گزشتہ روز اس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جو بعد میں انتقال کرگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل ملزم نے اپنی اہلیہ کو بھی طلاق دے دی تھی، جبکہ واردات کی صبح اس کی والدہ کو دل کا دورہ پڑا۔

حکام کے مطابق ملزم مبینہ طور پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ وہ ماضی میں مختلف مقدمات کے سلسلے میں متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔

پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔