گھوٹکی میں بچھڑے کی ٹانگ کاٹنے کا الزام،ملزم گرفتار
واقعہ تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر فصل کھانے کے معاملے پر بچھڑے کو کلہاڑی سے زخمی کیا گیا
گھوٹکی میں بچھڑے کی ٹانگ کاٹنے کا الزام،ملزم گرفتار
گھوٹکی: سندھ کے ضلع گھوٹکی میں فصل کھانے کے معاملے پر گائے کے بچھڑے کی ٹانگ کلہاڑی سے کاٹنے اور تشدد کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ زخمی جانور کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر فصل کھانے کے معاملے پر بچھڑے کو کلہاڑی سے زخمی کیا گیا اور اس کی ایک ٹانگ کاٹ دی گئی۔
گھوٹکی پولیس کے مطابق ایس ایس پی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم ارشاد ولد مصری سندرانی، رہائشی گاؤں آندل سندرانی، کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے بچھڑے کے مالک غلام یاسین ولد طوطل سندرانی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 33/2026 درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 429، 506/2 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔
متاثرہ مالک کے مطابق اس کا جانور ایک زمیندار کی زمین سے گھاس کھا رہا تھا کہ مبینہ طور پر نواب سندرانی اور ارشاد سندرانی نے اس پر کلہاڑی سے وار کیا، جس سے بچھڑا شدید زخمی ہوگیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے ایک ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچھڑے کا علاج جاری ہے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔