تھرپارکر ایمبولینس حادثہ:جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

متعلقہ حکام کو زخمیوں کے بہتر علاج اور حادثے کی شفاف تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری

October 29, 2026 · قومی
تھرپارکر ایمبولینس حادثہ:جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

تھرپارکر ایمبولینس حادثہ:جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں ایمبولینس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کے لواحقین کو فی خاندان 20 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے بہتر علاج اور حادثے کی شفاف تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو محکمہ صحت کے ذریعے واقعے کی مکمل تحقیقات کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی آخری رسومات کے انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

سید مراد علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو نگرپارکر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں اور انتظامی اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو (پی پی ایچ آئی) کے زیرِ انتظام ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانے کی ہدایت بھی کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ اگر حادثہ کسی انسانی غفلت یا مجرمانہ فعل کے باعث پیش آیا ہے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ نظام کا جائزہ لینے اور مؤثر حفاظتی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔