قصور میں زہریلے کھانے سے ماں باپ اور تین بیٹے جاں بحق

متاثرہ خاندان میں 40 سالہ قاسم علی، ان کی اہلیہ حسنہ بی بی اور تین بیٹے شامل تھے

October 29, 2026 · قومی
قصور میں زہریلے کھانے سے ماں باپ اور تین بیٹے جاں بحق

قصور میں زہریلے کھانے سے ماں باپ اور تین بیٹے جاں بحق

قصور: کنگن پور کے گاؤں محمود خانیکے میں مبینہ طور پر مضر صحت کھیر کھانے سے متاثرہ خاندان کے تمام پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں والدین اور ان کے تین بیٹے شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خاندان کے افراد کی طبیعت تقریباً چھ روز قبل کھیر کھانے کے بعد اچانک بگڑ گئی تھی، جس پر انہیں علاج کے لیے لاہور جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم طبی کوششوں کے باوجود پہلے تینوں بیٹے، پھر والد اور اب والدہ بھی دم توڑ گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان میں 40 سالہ قاسم علی، ان کی اہلیہ حسنہ بی بی اور تین بیٹے شامل تھے۔ بتایا گیا ہے کہ 25 سالہ ناظم سب سے پہلے انتقال کرگئے، جبکہ خاندان کے دیگر افراد کی حالت تشویش ناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

ابتدائی اطلاعات میں شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ کھیر میں چھپکلی گرنے سے وہ مضر صحت ہوگئی تھی، تاہم اس بات کی تاحال حتمی تصدیق نہیں ہوسکی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس کی جانب سے تحقیقات اور کھیر کے نمونوں کی جانچ کا عمل شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اس افسوس ناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت پر علاقے میں غم کی فضا ہے۔ واقعے کی حتمی وجہ سے متعلق متعلقہ حکام کی مزید رپورٹ کا انتظار ہے۔