سکردو میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں برآمد

مقتولین میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بیٹے شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

October 30, 2026 · قومی
سکردو میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں برآمد

سکردو میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں برآمد

سکردو میں نامعلوم افراد نے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا۔ مقتولین میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بیٹے شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول مرد کا تعلق سکردو کے علاقے روندو جبکہ اس کی اہلیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جاتا ہے۔ دونوں کراچی میں مقیم تھے، جہاں ان کے درمیان تعلقات قائم ہوئے اور بعد ازاں انہوں نے 2018 یا 2019 میں نکاح کرلیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے دوسری جگہ شادی کی کوشش کے بعد جوڑا کراچی سے سکردو منتقل ہوگیا تھا، جہاں انہوں نے عدالت میں شادی کی۔ اس جوڑے کے ہاں دو بیٹے پیدا ہوئے۔

مقتول شخص سکردو کے ایک ہوٹل میں ملازمت کرتا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب جب وہ گھر پہنچا تو اس کی اہلیہ اور دونوں بچوں کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کیا جاچکا تھا، جبکہ گھر پہنچنے پر اسے بھی موٹر سائیکل سے اترتے ہی چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم قتل کی وجوہات، واردات میں ملوث افراد اور دیگر تفصیلات کی تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔