امریکا اور ایران میں معاہدے کی کوششیں، قطری ثالث دوبارہ تہران پہنچ گئے

قطری وفد تہران میں امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ سمجھوتے کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔

October 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
امریکا اور ایران میں معاہدے کی کوششیں، قطری ثالث دوبارہ تہران پہنچ گئے

امریکا اور ایران میں معاہدے کی کوششیں، قطری ثالث دوبارہ تہران پہنچ گئے

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، جس کے تحت قطر کے ثالث جمعے کو ایک بار پھر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے واقف ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ قطری وفد تہران میں امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ سمجھوتے کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ سفارتی رابطے امریکا کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ قطر دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تاہم قطری وفد کی ایرانی حکام سے ملاقاتوں، مذاکرات کے ایجنڈے اور ممکنہ معاہدے کی شرائط سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ ان سفارتی کوششوں کے نتیجے میں کسی حتمی سمجھوتے پر کب تک پیش رفت ہوسکتی ہے۔

قطر ماضی میں بھی خطے کے مختلف تنازعات میں ثالثی کرتا رہا ہے۔ قطری ثالثوں کی تہران واپسی کو واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی رابطوں کے تسلسل کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔