پشاور میں غیر قانونی لون ایپ نیٹ ورک بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار
اہم کارروائی، ہزاروں شہریوں کو بلیک میل کیا جا رہا تھا، پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج۔
پشاور میں غیر قانونی لون ایپ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا منظر
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے پشاور میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لون ایپ نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے اور ہزاروں شہریوں کو بلیک میل کرنے میں ملوث 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے مطابق، کارروائی کے دوران 30 سے زائد لیپ ٹاپ اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کے قبضے سے شہریوں کا ذاتی ڈیٹا، کال ڈیٹا ریکارڈز (سی ڈی آرز) اور رابطوں کے ریکارڈز بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
دستاویزات اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزمان گوگل پلے سٹور پر جعلی لون ایپس کے ذریعے شہریوں کے ساتھ فراڈ کرتے تھے۔ وہ چھوٹے قرضوں کا جھانسہ دے کر متاثرین کے فونز کی کانٹیکٹ لسٹ اور گیلری تک رسائی حاصل کر لیتے تھے، اور پھر متاثرین سمیت ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو مسلسل کالز اور پیغامات کے ذریعے ہراساں کر کے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ الیکٹرانک ڈیوائسز کا تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔ ترجمان نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ نامعلوم لون ایپس انسٹال کرنے اور ان کو اپنے ذاتی رابطوں تک رسائی دینے سے گریز کریں۔