سید امجد علی شاہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب
سالانہ انتخابات میں 1909 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی، مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار سردار امان اللہ خان 1207 ووٹ حاصل کرسکے۔
سید امجد علی شاہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب
ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے معروف وکیل سید امجد علی شاہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے سالانہ انتخابات میں 1909 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار سردار امان اللہ خان 1207 ووٹ حاصل کرسکے۔
انتخابی نتائج کے مطابق احسن بھون گروپ کے امیدوار سید امجد علی شاہ نے ملک کے مختلف شہروں میں برتری حاصل کی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں انہیں 355 جبکہ سردار امان اللہ خان کو 269 ووٹ ملے۔ لاہور میں سید امجد علی شاہ نے 644 اور ان کے مخالف امیدوار نے 400 ووٹ حاصل کیے۔
کراچی میں سید امجد علی شاہ کو 230 اور سردار امان اللہ خان کو 160 ووٹ ملے۔ پشاور میں دونوں امیدواروں کے ووٹ بالترتیب 181 اور 117 رہے، جبکہ کوئٹہ میں سید امجد علی شاہ نے 165 اور سردار امان اللہ خان نے 106 ووٹ حاصل کیے۔
دیگر شہروں میں بھی سید امجد علی شاہ کو برتری حاصل رہی۔ انہیں سکھر سے 52، حیدرآباد سے 60، سوات سے 37، بنوں سے 33، ایبٹ آباد سے 71، ڈیرہ اسماعیل خان سے 37، ملتان سے 127 اور بہاولپور سے 82 ووٹ ملے۔
دوسری جانب سردار امان اللہ خان نے سکھر سے 9، حیدرآباد سے 39، سوات سے 17، بنوں سے 12، ایبٹ آباد سے 15، ڈیرہ اسماعیل خان سے 7، ملتان سے 116 اور بہاولپور سے 46 ووٹ حاصل کیے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لیے ملک بھر میں مجموعی طور پر 4630 ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔ کامیابی پر جمعیت لائرز فورم خیبر پختونخوا نے سید امجد علی شاہ، انڈیپنڈنٹ گروپ کے قائد احسن بھون اور گروپ کے دیگر رہنماؤں و ارکان کو مبارکباد پیش کی ہے۔