کراچی میں نومبر تک مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسیں پہنچ جائیں گی، شرجیل میمن
کراچی کو جدید شہر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز، بی آر ٹی اور سڑکوں کے منصوبے بھی جاری
فوٹو: فائل
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ نومبر تک کراچی میں مزید ڈبل ڈیکر بسیں اور الیکٹرک وہیکلز (ای وی) بسیں پہنچ جائیں گی۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے اور اس کی ترقی پورے پاکستان کی معاشی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کو جدید شہر بنانے کے لیے تمام ترقیاتی منصوبے مربوط منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم سے ایم نائن موٹروے تک لنک روڈ، ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی سمیت اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک مجوزہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بھی شہر کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے اہم منصوبہ ہے۔ اس منصوبے سے بندرگاہ، صنعتی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کے درمیان رابطے بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دی جا رہی ہے۔ نومبر میں مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسیں کراچی پہنچنے والی ہیں، جبکہ نئے روٹس کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ، یلو، گرین اور اورنج لائن کو باہم مربوط کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہراہوں، انڈر پاسز، پلوں اور دیگر اہم مقامات پر ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سڑکوں، پلوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف نئے منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ جاری منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنا اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ہے۔