چھانگلہ گلی میں فائرنگ سے سی سی ڈی راولپنڈی کے ہیڈ کانسٹیبل تحسین شاہ اور بھائی خضر شاہ جاں بحق

مذاکرات کے دوران کزن کی فائرنگ سے تحسین شاہ موقع پر دم توڑ گئے، بھائی خضر شاہ اسپتال میں جاں بحق

October 30, 2026 · قومی

چھانگلہ گلی میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، سی سی ڈی راولپنڈی کے ہیڈ کانسٹیبل بھائی سمیت جاں بحق

چھانگلہ گلی میں زمین کے تنازع پر مذاکرات کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں سی سی ڈی راولپنڈی کے ہیڈ کانسٹیبل تحسین شاہ اور ان کے بھائی خضر شاہ جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق زمین کے تنازع پر بات چیت جاری تھی، جس کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل تحسین شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے بھائی خضر شاہ کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

واقعے کے وقت پٹواری سمیت دیگر افراد بھی مذاکرات کے لیے موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ تحسین شاہ کے کزن منظور شاہ نے کی، جسے متعلقہ تھانے کی پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔

دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں راولپنڈی منتقل کی جائیں گی۔