حیدرآباد: نون لیگ کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری کا بیٹا فائرنگ سے شدید زخمی

فائرنگ کرنے والے ملزمان نشے میں دھت تھے،سجاد مغل نامی نوجوان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا

October 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

حیدرآباد: تھانہ مارکیٹ کی حدود میں فائرنگ سے مسلم لیگ نون کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کردیاگیا۔

اطلاعات کے مطابق سٹی گیٹ ہوٹل کے قریب واقع ایک معروف کوچ کمپنی کے کارگوآفس کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں سجاد مغل نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جو مسلم لیگ نون حیدرآباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری راجا غضنفر مغل کا بیٹا بتایاجاتاہے۔

شدید زخمی نوجوان نے ابتدائی بیان میں ملزمان میں شامل ایک شخص کی شناخت سمیع اللہ پٹھان کے نام سے کی ہے جبکہ بتایاجارہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان نشے میں دھت تھے۔

زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں حالت نازک ہونے پراسے انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کردیاگیا۔