پاک سری لنکا فائنل، لاہور میں ٹریفک پلان جاری
شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے 4 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں، جہاں سے اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
پاک سری لنکا فائنل، لاہور میں ٹریفک پلان جاری
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ٹرائی سیریز کے فائنل کے موقع پر ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شائقین کرکٹ کی سہولت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک انتظامات کے لیے 2 ایس ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز سمیت ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 10 فورک لفٹرز اور 7 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی موجود ہوں گی۔
شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے 4 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں، جہاں سے اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
سی ٹی او کے مطابق مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹیموں کی آمدورفت کے وقت چند لمحوں کے لیے ٹریفک روکی جائے گی اور ٹیموں کے گزرنے کے بعد راستے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین گورنمنٹ کالج فار بوائز میں گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔
ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ کی جانب سے آنے والے شہری کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گے۔
جبکہ کینٹ اور ڈیفنس سے آنے والے شائقین کے لیے سی بی ڈی، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ مختص کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 فعال رہیں گے۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے شہری ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران قذافی اسٹیڈیم کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پارکنگ و اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔