گوجرانوالہ،ولیمے پر دلہن کا قاتل مبینہ مقابلے میں مارا گیا
زخمی ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی، جو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔حکام
گوجرانوالہ،ولیمے پر دلہن کا قاتل مبینہ مقابلے میں مارا گیا
گوجرانوالہ میں شادی کے ولیمے والے دن دلہن کو قتل کرنے کے افسوسناک واقعے کا مرکزی ملزم سرفراز مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق مدو خلیل روڈ پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی، جو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق سرفراز واقعے کے بعد کراچی فرار ہو گیا تھا، جس کی تلاش میں سی سی ڈی ٹیموں نے سندھ اور بلوچستان میں کارروائیاں کیں۔ بعد ازاں ملزم گوجرانوالہ واپس پہنچ گیا، جہاں مبینہ مقابلے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
پولیس نے ملزم کے ایک ساتھی حمزہ کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد خاتون ملزمہ پہلے ہی زیر حراست ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز مقتولہ سے شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم لڑکی کے اہل خانہ نے رشتہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی رنجش پر ملزم نے لڑکی کو اس کے ولیمے کے روز قتل کر دیا تھا۔