افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے رہی ہے،پاکستان
گزشتہ تین برسوں میں افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 4 ہزار 700 سے زائد پاکستانی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں
افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے رہی ہے،پاکستان
نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ میں افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے رہی ہے، جس سے پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کو سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں افغانستان سے متعلق اجلاس کے دوران پاکستانی نمائندے محمد جواد اجمل نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 4 ہزار 700 سے زائد پاکستانی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
انہوں نے طالبان حکومت پر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ قریبی روابط رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ مبینہ طور پر بیرونی عناصر کی حمایت سے افغان سرزمین پر آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور پاکستان سمیت پڑوسی ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
پاکستانی نمائندے کا کہنا تھا کہ ان تنظیموں کے خلاف افغان طالبان کی جانب سے واضح اور کھل کر مذمت نہ کرنا ان کی سرگرمیوں میں مبینہ معاونت اور ملی بھگت کے خدشات کو تقویت دیتا ہے۔
اجلاس میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ بینیٹ نے بھی افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد خواتین اور لڑکیوں کی بنیادی آزادیوں پر پابندیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے کوئی واضح عزم دکھائی نہیں دیتا۔
رچرڈ بینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے سے پہلے خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کم عمری کی شادیوں اور خواتین کو تشدد پر مبنی ازدواجی تعلقات سے نکلنے کے محدود مواقع پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب محمد جواد اجمل نے خواتین کے حقوق سے متعلق پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اعلامیے میں بھی افغان خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔