ٹک ٹاکر پتلو کی شادی میں بھگڈر سے جانی نقصان پر 6 گرفتار

ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات اور 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی، پولیس

November 1, 2026 · قومی
سیالکوٹ،شادی کی تقریب میں بھگدڑ، ایک شہری جاں بحق،متعدد زخمی،6 ملزمان گرفتار

سیالکوٹ،شادی کی تقریب میں بھگدڑ، ایک شہری جاں بحق،متعدد زخمی،6 ملزمان گرفتار

سیالکوٹ: ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے کے واقعے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ موترہ انسپکٹر مبین احمد چیمہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ مقدمہ نمبر 1335/26 میں تقریب کے منتظم انصر محمود عرف مسٹر پتلو، کاشف، گراؤنڈ کے مالک حاجی شاہد جاوید سمیت 9 نامزد افراد اور 40 سے 45 نامعلوم سکیورٹی گارڈز کو شامل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات اور 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریب کے منتظمین نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں، گاڑی اور دیگر قیمتی انعامات کی قرعہ اندازی کی تشہیر کرکے بڑی تعداد میں لوگوں کو مدعو کیا تھا۔ تقریب کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر شرکاء کو بیک وقت گراؤنڈ میں داخل ہونے کا اعلان کیا گیا، جس کے باعث بدنظمی پیدا ہوئی اور بھگدڑ مچ گئی۔

پولیس کے مطابق منتظمین نے اجازت نامے کی شرائط اور حفاظتی ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا۔ واقعے کے باعث مین ڈسکہ سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک بھی متاثر ہوئی، جبکہ ہنگامہ آرائی کے دوران شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

افسوسناک واقعے میں عقیل ولد بشیر احمد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

سیالکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔