جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست، آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پہلی پوزیشن سے محروم
سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی
جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست، آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پہلی پوزیشن سے محروم
جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست کے بعد آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوگیا، جبکہ نیوزی لینڈ نے ٹاپ پوزیشن سنبھال لی ہے۔
سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔ بھارت اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہے اور اسے نومبر اور دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔
آسٹریلیا کی اگلی ٹیسٹ سیریز بھی نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے، جس میں چار میچز کھیلے جائیں گے۔ ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جانے والی اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔
ادھر جنوبی افریقا کو اگلی سیریز سے قبل دو ہفتوں کا وقفہ ملے گا، جس کے بعد وہ نومبر میں بنگلادیش کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی آسٹریلیا کی پہلی پوزیشن ختم ہوگئی ہے اور جنوبی افریقا پہلے نمبر پر آگیا ہے، جبکہ آسٹریلیا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو 214 رنز سے شکست ہوئی تھی، تاہم جنوبی افریقی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 31 رنز جبکہ تیسرے میچ میں 176 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔