فخر زمان ناکامیوں کے باوجود ڈٹے رہے، انجری میں سنچری بنائی،شاہین آفریدی
ایک دو فتوحات کافی نہیں، قومی ٹیم کو کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔
فخر زمان ناکامیوں کے باوجود ڈٹے رہے، انجری میں سنچری بنائی،شاہین آفریدی
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دو فتوحات کافی نہیں، قومی ٹیم کو کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ضروری ہے اور کسی ایک سیریز کی بنیاد پر ان کی صلاحیتوں کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔ ٹیم کو کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مسلسل مواقع دینے چاہئیں۔
انہوں نے فخر زمان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ چار میچز میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے، لیکن انجری کے باوجود میدان میں اترے اور اہم موقع پر سنچری اسکور کی۔
قومی کپتان نے عرفات منہاس اور سعد بیگ کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے سیریز میں عمدہ کھیل پیش کیا۔
بابر اعظم کے حوالے سے شاہین آفریدی نے بتایا کہ وہ اب فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس جا رہے ہیں اور ان کا ہماری ٹیم کے خلاف بھی میچ ہے۔
اپنی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں۔ وہ فاٹا کی جانب سے میچ کھیلیں گے اور قومی ٹیم میں واپسی کے لیے کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بولنگ کے شعبے میں انہیں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہین آفریدی نے قیادت کے حوالے سے کہا کہ ٹیم میں کپتان اور لیڈر ایک ہی ہوتا ہے اور رہنمائی بھی اسی سے لی جاتی ہے۔