خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں پولیس نظام بہتر بنانے کیلئے 40 ارب روپے درکار ہیں، آئی جی
ان اضلاع میں چار بنیادی شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے، جن میں جدید اسلحہ، ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی شامل ہے
خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں پولیس نظام بہتر بنانے کیلئے 40 ارب روپے درکار ہیں، آئی جی
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ صوبے کے 12 اضلاع میں پولیس کی استعداد بڑھانے اور سیکیورٹی نظام کو جدید بنانے کے لیے 30 سے 40 ارب روپے درکار ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے مذاکرات جاری ہیں۔
آئی جی پولیس کے مطابق ان اضلاع میں چار بنیادی شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے، جن میں جدید اسلحہ، ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تمام 12 اضلاع میں سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ پولیس ایک سال کے اندر تمام متعلقہ اضلاع میں سیف سٹی منصوبے مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کے مطابق ضم شدہ اضلاع میں پہلے سے پولیس کا ضروری انفرااسٹرکچر موجود نہیں تھا، جسے اب مرحلہ وار تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پولیس کا بنیادی ڈھانچہ کمزور ہے، اسے مضبوط بنانے کے ساتھ نفری کی کمی بھی پوری کی جائے گی۔ پولیس اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق خصوصی تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق سمری تیار کرلی گئی ہے۔ اس معاملے پر محکمہ خزانہ اپنی رائے دے گا، جس کے بعد سمری گورنر کو بھجوائی جائے گی۔