راولپنڈی: فریزر میں شارٹ سرکٹ سے تین منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی
آگ بجھانے کے لیے ریسکیو کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا۔ ریسکیو حکام
راولپنڈی: فریزر میں شارٹ سرکٹ سے تین منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی
راولپنڈی کے علاقے نیامحلہ میں تین منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق عمارت کو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر پلاسٹک کے کھلونوں کے گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ بوسیدہ عمارت کی حالت کے باعث اس کے منہدم ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آگ بجھانے کے لیے ریسکیو کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کی بالائی منزل پر موجود فریزر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، جو کمرے میں رکھے بستر اور گدوں تک پھیل گئی۔ عمارت کے نچلے حصے میں پلاسٹک کے کھلونوں کا گودام قائم تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رہائشی عمارت کو گودام کے طور پر استعمال کیے جانے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔