پاکستان جی 24 گروپ کا چیئرمین بن گیا،وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ مسرت

پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی مؤثر نمائندگی اور منصفانہ مالیاتی نظام کے قیام کے لیے آواز بلند کرے گا۔

November 1, 2026 · اہم خبریں, قومی
پاکستان جی 24 گروپ کا چیئرمین بن گیا،وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ مسرت

پاکستان جی 24 گروپ کا چیئرمین بن گیا،وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ مسرت

اسلام آباد: پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کے عالمی گروپ جی 24 کی سربراہی سنبھال لی ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو گروپ کا نیا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چیئرمین شپ سنبھالنے کے بعد کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی مؤثر نمائندگی اور منصفانہ مالیاتی نظام کے قیام کے لیے آواز بلند کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دی جانی چاہیے اور معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور عوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں۔

محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور فیصلہ سازی میں انہیں مناسب حصہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو بروقت اور سستی مالی معاونت کی فراہمی، قرضوں کے مسائل کا پائیدار حل اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا بھی اہم ترجیحات ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان جی 24 کی سربراہی کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ اس دوران سرکاری اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے، معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جی 24 کی کامیابی کا اصل معیار ترقی پذیر ممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے اور پاکستان ان ممالک کی اجتماعی آواز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو جی 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے کردار اور آواز کو مزید مؤثر بنائے گی۔

وزیراعظم نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر ملک کی آواز کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔