لاہور:ٹرین حادثے اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق
تمام لاشیں ضروری کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔
لاہور:ٹرین حادثے اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق
لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹرین کی زد میں آنے اور دیگر واقعات میں ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تمام لاشیں ضروری کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔
ایدھی ترجمان کے مطابق شادمان کیمپ جیل میں قید 45 سالہ منور کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ متوفی منشیات کے مقدمے میں قید تھا۔
دوسری جانب شاہدرہ ٹاؤن ریلوے اسٹیشن کے قریب قبرستان سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔
ادھر کاہنہ کے علاقے ہلوکی چوکی کے قریب چار ماڑی میں ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے 22 سالہ نامعلوم نوجوان ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
مغلپورہ چوک کے قریب فٹ پاتھ سے 50 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش بھی برآمد ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون بھی نشے کی عادی معلوم ہوتی ہے، تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے تمام واقعات کے شواہد جمع کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ایدھی رضاکاروں نے چاروں لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں۔