وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کو مایوس کیا، بڑے پیکج کی توقع تھی، شوکت یوسف زئی

اگر احتساب کرنا ہے تو ضرور کیا جائے، تاہم محض الزامات لگانے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں

November 1, 2026 · قومی
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کو مایوس کیا، بڑے پیکج کی توقع تھی، شوکت یوسف زئی

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کو مایوس کیا، بڑے پیکج کی توقع تھی، شوکت یوسف زئی

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع تھی کہ وہ صوبے کے لیے کسی بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، لیکن ایسا نہ ہونے پر مایوسی ہوئی۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وہی الزامات دہرائے جو ان کے وزرا روزانہ لگاتے ہیں۔ اگر احتساب کرنا ہے تو ضرور کیا جائے، تاہم محض الزامات لگانے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جس بی آر ٹی منصوبے کو کرپشن کا شاہکار قرار دیا جاتا رہا، وہ دو بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کر چکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے ملک میں سیاسی مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ڈائیلاگ کی جتنی ضرورت ہے، ماضی میں کبھی نہیں تھی۔ ان کے مطابق بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز کا بیانیہ تحریک انصاف کا مؤقف نہیں، کیونکہ باہر بیٹھ کر مشورے دینا آسان ہے۔

شوکت یوسف زئی نے مزید کہا کہ پارٹی کے کارکن میدان میں موجود ہیں اور رہنما و کارکن پاکستان میں رہ کر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہزاد اکبر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان جیسے افراد نے پارٹی کو نقصان پہنچایا، اگر انہیں پارٹی سے وابستگی ہے تو پاکستان واپس آ کر اس کے ساتھ کھڑے ہوں۔