عالمی منڈی میں تیل سستا ہوتے ہی عوام کو ریلیف دیں گے، وزیر پٹرولیم
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں متاثر ہوئیں
عالمی منڈی میں تیل سستا ہوتے ہی عوام کو ریلیف دیں گے، وزیر پٹرولیم
اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آتے ہی اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ موسم سرما میں توانائی کا غیر ضروری استعمال ترک کرکے بچت کو فروغ دیں۔
نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں متاثر ہوئیں، تاہم حکومت نے مقبول فیصلوں کے بجائے ملکی زرمبادلہ کے تحفظ کو ترجیح دی۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے مستحق افراد کو ہدفی سبسڈی فراہم کی گئی۔ اس پروگرام کے تحت 12 سے 13 ملین افراد کو جنگ سے پہلے کی قیمتوں پر رعایتی پٹرول دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران آبنائے ہرمز کی صورتحال نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا۔ کئی ممالک کو تیل، گیس، ایل پی جی اور دیگر ایندھن کی مہنگی خریداری کے لیے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ عوام کو بھی گھریلو اخراجات کے حوالے سے مشکل فیصلے کرنا پڑے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا بحران اپنی شدت اور وسعت کے لحاظ سے غیر معمولی تھا، تاہم پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایندھن کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں شفافیت پیدا کی ہے اور اس حوالے سے تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کی صورت میں اس کا فائدہ براہ راست صارفین تک پہنچے گا۔