ہو سکتا ہے جے یو آئی اور پی ٹی آئی جلد ایک ٹرک پر کھڑے ہو جائیں ، ترجمان جے یو آئی
بعض معاملات پر پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور ان شاء اللہ جلد معاملات طے پا جائیں گے،اسلم غوری کی گفتگو
فائل فوٹو
کراچی: ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اسلم غوری نے کہا ہے کہ بہت جلد ہو سکتا ہے کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی ایک ٹرک پر کھڑے ہو جائیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنے سے پہلے ٹی او آرز (شرائطِ کار) طے کیے جاتے ہیں۔ جس طرح پی ڈی ایم حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بنی تھی، اگر موجودہ حکومت بھی وہی پالیسیاں اپنائے گی تو دوبارہ سیاسی جماعتیں اکٹھی ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض معاملات پر پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور ان شاء اللہ جلد معاملات طے پا جائیں گے۔ ماضی کی حکومت نے بھی جو غلطیاں کی تھیں، اس کی سزا اسے ملی تھی۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی قریب آئیں، تاہم مسلم لیگ (ن) حکومت کے اقدامات دونوں جماعتوں کو دن بہ دن ایک دوسرے کے قریب کر رہے ہیں۔ بہت جلد ایسا ممکن ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان تحریک انصاف ایک ہی ٹرک پر کھڑی نظر آئیں۔