کراچی؛ گلستان جوہر میں بائیک سوار کی فائرنگ سے پی آئی اے کا انجینئر قتل
جاں بحق شخص کی شناخت 54 سالہ امتیاز احمد ولد شاہ دین کے نام سے کی گئی، مقتول 4 بچوں کا باپ اورپی آئی اے میں بطور انجینئرتعینات تھا
فائل فوٹو
کراچی: گلستان جوہر میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزم نے فائرنگ کرکے پی آئی اے کے انجینئر کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔
شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش پہلے گلستان جوہر واقعے میں نجی اسپتال اور بعدازاں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی،فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔
فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق شخص کی شناخت 54 سالہ امتیاز احمد ولد شاہ دین کے نام سے کی گئی، مقتول 4 بچوں کا باپ اورپی آئی اے میں بطور انجینئرتعینات تھا، مقتول کی اہلیہ اور بیٹیاں جرمنی میں مقیم ہیں۔
پولیس نے واقعے کی فوٹیج حاصل کرلی، مقتول امتیاز کو تیز قدموں سے سڑک عبور کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سڑک عبور کرتے ہی مقتول امتیاز سڑک کنارے گاڑی کے قریب گرتے دیکھا جا سکتا ہے، فائرنگ ہوتے ہی قریب موجود لوگوں کو جان بچا کر بھاگتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں، چند سیکنڈ کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار کو تیزی سے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے پولیس کو شبہ ہے کہ اسی نے فائرنگ کی تھی۔
؎ایس ایچ او شارع فیصل عنصربٹ کے مطابق امتیاز احمد گلستان جوہر بلاک 13 میں واقعے رمشا ایونیو میں مقیم تھا، مقتول اپنے گھرسے روٹی لینے نکلا تھا، مقتول کا موبائل فون اور پرس اور دیگرچیزیں اسکے پاس موجود ہیں، واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نہیں ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزم کی جانب سے کی گئی، مسلح ملزم نے چار سے پانچ فائر کیے، مقتول کو بازو کے پاس ایک گولی پسلی میں لگی، جو جاں لیوا ثابت ہوئی جبکہ قریب کھڑی گاڑی کو 3 گولیاں لگیں۔