کیوی آل راؤنڈر گلین فلپس نے ٹی 20 کرکٹ میں دو عالمی ریکارڈ بنا لیے
شاندار کارکردگی، بھارت کے خلاف سیریز میں رنز کے انبار، فل سالٹ کا ریکارڈ توڑ دیا،
گلین فلپس کی بھارتی ٹیم کے خلاف ریکارڈ ساز بیٹنگ کا جشن
نیوزی لینڈ کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین فلپس نے بھارت کے خلاف 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گلین فلپس نے سیریز کے تمام 5 میچز میں مجموعی طور پر 341 رنز اسکور کیے، جس کے ساتھ وہ کسی بھی ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز انگلینڈ کے فل سالٹ کے پاس تھا جنہوں نے 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 331 رنز بنائے تھے۔ گلین فلپس نے زیر نظر سیریز میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 185.33 رہا۔ ان کی نمایاں کارکردگی میں آکلینڈ میں کھیلی گئی 49 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل ہے، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔
سیریز کے آخری میچ میں بھی گلین فلپس نے ناقابلِ شکست 65 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، تاہم بھارتی ٹیم نے 5 میچز کی یہ سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔ اس کے علاوہ گلین فلپس نے ایک اور بڑا عالمی اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ایک کیلنڈر سال کے دوران کسی ایک حریف کے خلاف مجموعی طور پر 522 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کر لیا ہے۔