قومی کرکٹ ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پرمسلسل10سیریزمیں ناقابلِ شکست رہنے کااعزاز حاصل
شاندار کارکردگی، گزشتہ 17 ماہ میں ریکارڈ کامیابی، آخری شکست فروری 2025 میں ہوئی تھی
قومی کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل 10 سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 10 باہمی اور سہ فریقی سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کا شاندار اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ قومی ٹیم نے پچھلے 17 مہینوں کے دوران اپنے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 سیریز میں فتوحات سمیٹیں جبکہ ایک ٹیسٹ سیریز برابر رہی۔
دستاویزات اور ریکارڈز کے مطابق پاکستان کو آخری مرتبہ فروری 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد کامیاب مہم کا آغاز مئی اور جون 2025 میں بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے سے ہوا۔ اکتوبر 2025 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی، جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹس میں پاکستان نے 2, 1 کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔
قومی ٹیم نے نومبر 2025 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 3, 0 سے کلین سوئپ کیا اور اسی ماہ سری لنکا اور زمبابوے کی شرکت سے منعقدہ ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز بھی اپنے نام کی۔ اس کے بعد پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 3, 0 سے کلین سوئپ کیا اور ون ڈے سیریز 2, 1 سے جیت کر دونوں فارمیٹس میں اپنی برتری ثابت کی۔ حالیہ دورہ سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی پاکستان نے 2, 1 سے اپنے نام کی۔ ون ڈے سہ ملکی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد قومی ٹیم نے مسلسل دسویں ہوم سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے، جو ہوم گراؤنڈ پر مختلف فارمیٹس میں مضبوط کارکردگی کا نمایاں ثبوت ہے۔