ہری پور: تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن:دکان مسمار ہونے پر صدمے سے حجام جاں بحق

مقامی بااثر افراد (کھڑپینچوں) کی دکانیں و مارکیٹیں بھی مسمار , ایک ماہ قبل3 کروڑ روپے میں دکان خریدنے والے تاجر بھی شدید ذہنی اذیت کا شکار

November 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ہری پور۔۔۔۔۔۔۔یاورحیات

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہری پور شہر میں تجاوزات کے خلاف تاریخ کا سب سے بڑا گرینڈ آپریشن ساتویں روز بھی بلا تفریق جاری رہا۔ آپریشن کے دوران مین بازار، موچی بازار، لوہاراں، سبزی منڈی اور جی ٹی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں برسوں سے قائم پختہ اور عارضی تجاوزات، دکانوں کے توسیعی حصوں اور نالوں پر قائم پلازوں کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ۔

گرینڈ آپریشن کی وجہ سے جہاں تاجر طبقہ شدید پریشانی اور مالی بحران کا شکار ہے، وہیں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ موچی بازار میں دکان گرائے جانے کے صدمے سے ایک مقامی حجام دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل3 کروڑ روپے میں دکان خریدنے والے تاجر بھی شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور مقامی بااثر افراد (کھڑپینچوں) کی دکانیں و مارکیٹیں بھی مسمار کر دی گئی ہیں۔

آپریشن کے پہلے روز مزاحمت پر مین بازار کے آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی صبور قریشی اور تاجر رہنما ملک طاہر وجاہت کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی منتقل کیا گیا تھا، جنہیں اگلے روز رہا کر دیا گیا۔

آپریشن کے باعث پچھلے ایک ہفتے سے شہر میں بجلی کا نظام شدید درہم برہم ہے اور ۲۴ گھنٹوں میں صرف ۲ گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث ہری پور شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور شہریوں و تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔

تجاوزات کے خاتمے کے بعد مین بازار، موچی بازار اور جی ٹی روڈ کے علاقوں میں سڑکوں اور گزرگاہوں کی چوڑائی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔ عوام نے جہاں ٹریفک کے مسائل حل ہونے اور راستے کشادہ ہونے پر آپریشن کا خیرمقدم کیا ہے، وہاں انتظامیہ سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ اس ایکشن کو بلاامتیاز اور مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تا کہ دوبارہ قبضے نہ ہو سکیں۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ناظم الدین نے موقف اختیار کیا ہے کہ سرکاری املاک، نالوں اور عوامی راستوں پر قائم پختہ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کا مقصد صرف تجاوزات ہٹانا نہیں بلکہ ٹریفک کے مسائل حل کرنا، نالوں کی صفائی اور شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جب تک تمام عارضی و پختہ تجاوزات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، آپریشن آئندہ چند روز تک بغیر کسی دباؤ کے تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔