ای چالان میں سنچری بنانے والا موٹرسائیکل سوار پکڑا گیا
شہری کے نام دو موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جن پر مجموعی طور پر 124 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں
ای چالان کی سنچری بنانے والا نوجوان
لاہور: لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان میں سینچری کرنے والے موٹرسائیکل سوار کو پکڑ لیا۔
شہری کے نام دو موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جن پر مجموعی طور پر 124 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بند روڈ پر پٹرولنگ آفیسر عدنان نے ای چالاننگ میں سینچری کرنے والے شہری کو پکڑا، موٹرسائیکل مالک نے 109 مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلائی جبکہ 15 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔
شہری کی ایک موٹرسائیکل پر ایک لاکھ 64 ہزار 800 روپے جبکہ دوسری موٹرسائیکل پر 64 ہزار 200 روپے جرمانہ واجب الادا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ منظم ٹریفک کے حصول کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس کے لیے مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔