اسکردو میں میاں بیوی اور 2 بچوں کے قتل میں لڑکی کا چچا ملوث نکلا

اہم پیش رفت، مرکزی ملزم سمیت 2 افراد گرفتار، دیگر کی تلاش جاری

November 3, 2026 · جرم وسزا
اسکردو میں میاں بیوی اور 2 بچوں کے قتل میں لڑکی کا چچا ملوث نکلا

اسکردو میں میاں بیوی اور 2 بچوں کے قتل میں لڑکی کا چچا ملوث نکلا

اسکردو میں مدنیہ کالونی کے اندر ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے ہولناک قتل کے واقعے کا معمہ حل ہو گیا ہے، جہاں میاں، بیوی اور 2 کمسن بچوں کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم لڑکی کا چچا نکلا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس اندوہناک واردات میں ملوث مرکزی ملزم رجب سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

پولیس ذرائع اور تفتیشی دستاویز کے مطابق ملزمان جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد کرم میں روپوش ہو گئے تھے۔ ابتدائی شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس بہیمانہ قتل میں مبینہ طور پر 5 افراد ملوث تھے۔ مقتول شوہر محمد اسلم کا تعلق اسکردو جبکہ ان کی اہلیہ ہانیہ اسلم کا تعلق پارا چنار سے تھا، جنہوں نے چند سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ ملزمان نے تیز دھار آلے کے ذریعے گھر میں گھس کر اس جوڑے کے علاوہ ان کے 4 سالہ بیٹے مہدی اور 2 سالہ بچی زہرا کو بھی بے دردی سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا تھا۔

مدعی مقدمہ کے بیانات کے مطابق پسند کی شادی کرنے پر مقتول اسلم کو ماضی میں بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہی تھیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد اسکردو میں شدید احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے تھے۔ ڈی آئی جی گلگت بلتستان آصف مہمند کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے گہرائی کے ساتھ تفتیش کی جا رہی ہے اور پسند کی شادی کے تنازع سمیت تمام محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔