مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ڈرون نگرانی پر عالیہ کامران کا شدید ردعمل

کسی سیاسی رہنما کی رہائش گاہ کی اس طرح نگرانی کرنا اور تصاویر بنانا اہلِ خانہ کی نجی زندگی اور گھر کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

November 3, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ڈرون نگرانی پر عالیہ کامران کا شدید ردعمل

مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کی ڈرون نگرانی پر عالیہ کامران کا شدید ردعمل

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کی ڈرون کے ذریعے نگرانی اور فضائی تصاویر بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں عالیہ کامران نے کہا کہ کسی سیاسی رہنما کی رہائش گاہ کی اس طرح نگرانی کرنا اور تصاویر بنانا اہلِ خانہ کی نجی زندگی اور گھر کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون کی پرواز اور تصاویر بنانے کے وقت گھر میں خواتین اور دیگر اہلِ خانہ کی موجودگی اس معاملے کو مزید حساس بنا دیتی ہے۔ ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ قانون اور شہریوں کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
عالیہ کامران کا کہنا تھا کہ کبھی مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات کرنا، کبھی نوٹسز جاری کرنا اور اب ڈرون کے ذریعے نگرانی کرنا قابلِ تشویش اقدامات ہیں۔ حکومت کو سیاسی اختلاف دبانے کے لیے ایسے طریقے اختیار نہیں کرنے چاہئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام ایسے اقدامات سے دباؤ میں نہیں آئے گی۔ سیاسی اختلافات کا مقابلہ جمہوری اور سیاسی انداز میں ہونا چاہیے، جبکہ کسی بھی شہری کے گھر کے تقدس، نجی زندگی اور بنیادی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔