اعظمی بخاری نے بھی پتلو کی گرفتاری کی تصدیق سے انکار کردیا

واقعے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

November 3, 2026 · قومی
اعظمی بخاری نے بھی پتلو کی گرفتاری کی تصدیق سے انکار کردیا

اعظمی بخاری نے بھی پتلو کی گرفتاری کی تصدیق سے انکار کردیا

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے واقعے پر حکومتی مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال مسٹر پتلو کی گرفتاری کی حتمی تصدیق نہیں کرسکتیں، کیونکہ متعلقہ حکام سے رابطے کے باوجود انہیں باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں غفلت اور کوتاہی پر مقدمہ درج کیا جاچکا ہے، اب تک 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مزید 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق تقریب کے انعقاد کے لیے محفلِ سماع اور اجتماع سے متعلق ضابطوں کے تحت اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا۔ اس کی شرائط کے مطابق بیرونی سکیورٹی اور انتظامات کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ جبکہ ہال کے اندر انتظامات کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوتی تھی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسٹر پتلو نے اپنی شادی کی تقریب کو بڑے پیمانے پر تشہیر دی، مختلف انعامات اور قرعہ اندازی کے اعلانات کیے، جس کے باعث ہزاروں افراد ایک ہی مقام پر جمع ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، تاہم پنجاب میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں گی اور ذمہ داروں کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی تھی۔ واقعے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔