وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں، سیاسی کشیدگی نہیں بڑھنی چاہیے،بیرسٹر گوہر

عدالت کی جانب سے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے بھجوانے پر خوشی ہے۔ ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جن کا اطلاق سب کے لیے یکساں ہو۔

November 3, 2026 · قومی
وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں، سیاسی کشیدگی نہیں بڑھنی چاہیے،بیرسٹر گوہر

وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں، سیاسی کشیدگی نہیں بڑھنی چاہیے،بیرسٹر گوہر

پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر کی عدم موجودگی ایک عجیب صورتحال ہے، ملک میں سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھانے کے بجائے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا چاہیے۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے بھجوانے پر خوشی ہے۔ ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جن کا اطلاق سب کے لیے یکساں ہو۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا مطالبہ صرف ملاقات اور علاج کی سہولت سے متعلق تھا، لیکن عدالتی فیصلے پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق گزشتہ روز وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، جس میں مقدمات سے متعلق گفتگو کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ملاقات پہلے ہو جاتی تو صورتحال اس حد تک نہ پہنچتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر سیف کے بیان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ وہ اس طرح کی بات کریں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملاقات کی پیشکش کب کی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آج بھی ملاقات کی کوشش کر رہی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ مذاکرات سنجیدگی اور نیک نیتی سے ہونے چاہئیں، تحریک انصاف نے کبھی مذاکرات کی مخالفت نہیں کی۔