سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر
صوبے میں آٹے کی قیمت پہلے ہی کم ہو رہی ہے، جبکہ گندم کی قیمت میں کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا
سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر
کراچی: سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 5 ہزار روپے سے کم کرکے 4500 روپے فی من مقرر کر دی ہے، جس کے بعد آٹے کی قیمت میں بھی 17 روپے فی کلو کمی متوقع ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبے میں آٹے کی قیمت پہلے ہی کم ہو رہی ہے، جبکہ گندم کی قیمت میں کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ کچی آبادیوں کو ون ونڈو نظام کے تحت قانونی حیثیت دینے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ کراچی میں اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔
سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسے کے انعقاد کے لیے اجازت لینا ہوگی، بغیر اجازت کسی جماعت کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل پر جلسے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایم کیو ایم کو 12 مئی کا جلسہ بھی کرنے نہیں دیا جائے گا۔