ایم کیو ایم پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری
قانون کے تحت سیاسی جماعتوں کے لیے باقاعدگی سے اپنے عہدیداروں کا انتخاب ضروری ہے
ایم کیو ایم پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان مقررہ قانونی تقاضوں کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی۔ قانون کے تحت سیاسی جماعتوں کے لیے باقاعدگی سے اپنے عہدیداروں کا انتخاب ضروری ہے، جبکہ انتخابات مکمل ہونے کے سات روز کے اندر انتخابی سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوتا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے 15 اکتوبر 2026 تک توسیع دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود انتخابات نہیں کرائے گئے۔
شوکاز نوٹس میں پارٹی کو جواب جمع کرانے کے لیے 14 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت میں انتخابات نہ کرانے کی صورت میں ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان سے محروم ہو سکتی ہے اور آئندہ عام انتخابات کے لیے اس کا انتخابی نشان روکا بھی جا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازمی ہے۔ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے پر قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔