دیوالی پر 10 نومبر کو تعطیل کا مطالبہ،ایم کیو ایم رکن کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط
9 نومبر کو یومِ اقبال کی تعطیل ہوگی۔ ایسے میں ہندو برادری کے طلبہ اور ملازمین کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے 10 نومبر کو بھی تعطیل دی جانی چاہیے۔
دیوالی پر 10 نومبر کو تعطیل کا مطالبہ،ایم کیو ایم رکن کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی مہیش کمار ہاسیجا نے دیوالی کے موقع پر 10 نومبر کو تعلیمی اداروں میں اضافی تعطیل دینے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں مہیش کمار ہاسیجا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رواں سال دیوالی 8 نومبر بروز اتوار کو منائی جائے گی، جبکہ 9 نومبر کو یومِ اقبال کی تعطیل ہوگی۔ ایسے میں ہندو برادری کے طلبہ اور ملازمین کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے 10 نومبر کو بھی تعطیل دی جانی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دور دراز علاقوں سے شہروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے ہندو طلبہ کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 8 سے 10 نومبر کے دوران اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں ہونے والے امتحانات ملتوی کرکے ان کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔
ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی نے یہ بھی درخواست کی کہ ہندو سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو دیوالی سے قبل تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
مہیش کمار ہاسیجا کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 20، 25 اور 36 کے مطابق یقینی بنایا جانا چاہیے۔