مریم نواز کا چوہدری سالک کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

اگر ان کے پاس الزامات کے شواہد موجود ہیں تو وہ سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔

November 3, 2026 · قومی
مریم نواز کا چوہدری سالک کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

مریم نواز کا چوہدری سالک کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا ہے۔

ہونہار اسکالرشپ اور طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر ہیں، انہیں الزامات لگانے کے بجائے ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔ اگر ان کے پاس الزامات کے شواہد موجود ہیں تو وہ سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گجرات کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی نے انہیں جو گجرات شہر دیا تھا، وہاں بارش کے پانی میں ان کی گاڑی ڈوب گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر تکلیف ہے کہ انہوں نے گجرات کے ڈپٹی کمشنر کو تبدیل کیا، جس کے بعد بعض لوگ ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جس طرح لوگ اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں، اسی طرح ملک اور شہروں کو بھی صاف رکھنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اختلافات اپنی جگہ، لیکن کسی کو ملک کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھانا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملہ کرپشن کا نہیں بلکہ الزامات اور ان کے ثبوت کا ہے۔ جو افراد سفارش کی بنیاد پر عہدوں پر آتے ہیں، وہ ملک اور عوام کے لیے نقصان کا باعث بنتے ہیں۔