دنیا میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے میں پاکستان سرفہرست نکلے

96 ملین پاکستانی یوٹیوب استعمال کر رہے ہیں،15 کروڑپاکستانی ٹک ٹاک پر ویڈیوز دیکھتے ہیں،چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن

November 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن نے کہا ہےکہ پاکستان میں یوٹیوب پر روزانہ 560 ملین لوگ ویڈیوز دیکھتے ہیں اور دنیا میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے میں پاکستان سرفہرست ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے 10 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس ہیں، 15 کروڑپاکستانی ٹک ٹاک پر ویڈیوز دیکھتے ہیں، اس وقت 96 ملین پاکستانی یوٹیوب استعمال کر رہے ہیں، پاکستان میں یوٹیوب پر روزانہ 560 ملین لوگ ویڈیوز دیکھتے ہیں جب کہ دنیا میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے میں پاکستان سرفہرست ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں واٹس ایپ کے 10 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس ہیں، پاکستانی واٹس ایپ پر روزانہ ایک ارب کالزکرتے ہیں اور واٹس ایپ سے روزانہ12 ارب پیغام ارسال ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور اے آئی استعمال سے ڈیٹا کے استعمال میں بہت اضافہ ہوا ہے، نواز شریف کے جانے کے بعد کوئی اسپیکٹرم آکشن نہیں ہوئی تھی، نوازشریف ملک کو 4 جی دے گئے، ہم نے 5 جی کی اسپیکٹرم آکشن کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 لاکھ لوگ ملک میں 5 جی استعمال کررہے ہیں،24 شہروں میں 5 جی آرہا ہے اور بہتر سروسز کے اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی کام سروسز میں خرابی کی کئی وجوہات ہیں، پورا پورا ٹاور چوری ہوجاتا ہے، ڈیزل چوری ہوجاتا ہے اور جنریٹرچوری ہوجاتا ہے۔